Wednesday, April 24, 2024

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج آج پاکستان آئیں گی

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج  آج  پاکستان آئیں گی
December 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز) افغانستان میں امن و استحکام اور علاقائی امن کے لئے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کل اسلام آباد میں ہو گی۔ دفتر خارجہ نے کانفرنس میں بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج اور افغان صدر اشرف غنی کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارتی وزیرخارجہ وزیراعظم نوازشریف سے بھی ملیں گی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کے نام سے دو روزہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ 2011ءمیں کانفرنس کے پہلی دفعہ انعقاد کا مقصد افغانستان مین امن و استحکام کے قیام کے ساتھ ساتھ علاقائی مسائل کا حل اور ترقی شامل تھا۔ اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس کی میزبانی پاکستان اور افغانستان مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے رکن ممالک کی تعداد چودہ ہے جن میں پاکستان کے علاوہ چین ،سعودی عرب ، ایران ، بھارت اور ترکی سمیت وسطی ایشیائی ممالک شامل ہیں جبکہ حمایت کرنے والے ممالک کی تعداد سترہ ہے جن میں روس، امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے میڈیا سے بات چیت میں بھارتی وزیر خارجہ خارجہ سشما سوراج اور افغان صدر اشرف غنی کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں افغانستان میں مفاہمتی عمل آگے بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے خطے کے موجودہ حالات کے تناظر میں انعقاد کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔