Friday, April 26, 2024

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس : پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس : پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی
December 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) دہشت گردی کے باعث بھاری نقصان اٹھانے والے پاکستان کو کھیلوں کے عالمی ایونٹس اور سفارتی کانفرنسز سے محروم ہونا پڑا جس کے بعد طویل عرصے تک کوئی بھی بڑی کانفرنس پاکستان میں نہ ہو پائی مگر اب اہم ترین ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے باعث پاکستان ایک دہائی سے مسائل کا شکار رہا جس کے باعث پاکستان کو کھیلوں کے تمام ایونٹس اورعالمی کانفرنسز سے محروم ہونا پڑا لیکن ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ اس کانفرنس کے باعث پاکستان پھر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا۔ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس استنبول عمل کا حصہ ہے جو افغانستان میں قیامِ امن کے لیے 2011ءمیں شروع کیا گیا تھا۔ اس سلسلے کے پانچویں وزارتی اجلاس میں بھارت سمیت دس ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہیں۔ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے ممبر ممالک میں افغانستان ، آذربائیجان ، چین ، بھارت ، ایران ، قازقستان‘ قرغرستان‘ پاکستان ، روس ، سعودی عرب ، تاجکستان ، ترکی ، ترکمانستان اور متحدہ عرب امارت شامل ہیں جبکہ اس تنظیم کے لئے تعاون کرنے والے ممالک میں آسٹریلیا ، کینیڈا ، ڈنمارک ، مصر، یورپی یونین ، فرانس ، فن لینڈ ، جرمنی ، عراق ، اٹلی ، جاپان ، ناروے ، پولینڈ ،سپین ، سویڈن ، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔