Tuesday, April 23, 2024

ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کا دوروزہ وزارتی اجلاس اسلام آباد میں شروع

ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کا دوروزہ وزارتی اجلاس اسلام آباد میں شروع
December 8, 2015
اسلام آباد(92نیوز)افغانستان سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس  ہارٹ آف ایشیا، استنبول پراسس  کا دو روزہ وزارتی اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا، کانفرنس کا باضابطہ افتتاح بدھ کو پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کریں گے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج   بھی شرکت کریں گی۔ تفصیلات کےمطابق افغانستان سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس ہارٹ آف ایشیا، استنبول پراسس کی میزبانی پاکستان اور افغانستان مشترکہ طور پر کررہے ہیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس سے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ  پاکستان، افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے کیونکہ افغانستان میں عدم استحکام پاکستان کے مفاد میں نہیں جیسے جیسے استنبول پراسس  پروان چڑھ رہا ہے، خطے کو درپیش سلامتی کے سنگین خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے اور اقتصادی روابط پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔ اس موقع پر افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان خطے کے مفاد میں ہے اور ان کا ملک خطے کے سماجی و اقتصادی روابط کو دنیا کے دیگر ملکوں سے فروغ دینے میں ایک پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس میں 14 رکن ممالک کے اعلیٰ عہدیداران، 17 حامی ملکوں اور 12 علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ارکان شریک ہوں گے۔ کانفرنس کا باضابطہ افتتاح بدھ کو پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کریں گے اس کانفرنس کا مقصد افغانستان کے پڑوسی ملکوں اور وسط ایشیائی ریاستوں کے تعاون سے جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان میں سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔