Saturday, May 18, 2024

ہادیہ ہاشمی کی 92نیوز کے مارننگ پروگرام میں شرکت ،آواز کا جادوجگایا

ہادیہ ہاشمی کی 92نیوز کے مارننگ پروگرام میں شرکت ،آواز کا جادوجگایا
February 19, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) ننھی اسٹار ہادیہ ہاشمی  نے  ٹیم کے ہمراہ 92نیوز کے مارننگ پروگرام ’’ صبح سویرے پاکستان ‘‘ میں شرکت  کی اور آواز کا جادوجگایا۔ موسیقی کی دنیا میں تہلکہ مچانےوالی ننھی اسٹار ہادیہ ہاشمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نائنٹی ٹونیوز کے ہردلعزیز پروگرام ’’ صبح سویرے پاکستان ‘‘ میں شرکت کی، ننھے اسٹارز نے اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگا کر پروگرام کو چار چاند لگا دیے جبکہ ناظرین اور سامعین داد دیے بغیر نہ رہ سکے ۔ آٹھ سال کی عمر میں ہی ہادیہ کو سر اور تال میں اس قدر عبور حاصل ہے کہ  فن موسیقی کے بڑے ستارے بھی داد دینےپر مجبور ہوگئے۔ ہادیہ ہاشمی گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نیپئر روڈ میں  پانچویں جماعت کی طالبہ  ہیں انہیں کم عمری سے ہی نعتیں پڑھنے کا شوق تھا،،کئی نعتیہ مقابلے بھی جیت چکی ہیں۔ ننھے اسٹارز سمعیہ گوہر ،سلطان فتح شاہ اور ابوبکر نے بھی ایسے  سر اور تال چھیڑے کہ سماں باندھ دیا،تینوں  بچے ہادیہ کے ساتھ ہی  موسیقی کی تعلیم  حاصل کررہے ہیں۔ لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں بچوں کو موسیقی سکھانے والے  استاد ضیاالحق کا کہنا ہے کہ  پہلی بار ہی ہادیہ کو سنا تو وہ متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، یقین تھا آواز یہاں سے نکل کر بہت دور تک جائے گی۔ فن کی دنیا میں قدم رکھنے والے ان ننھے اسٹارز نےجہاں اپنی خوبصورت آواز سے سب کو حیران کیا ہے ، وہیں  اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ  ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔