Friday, May 3, 2024

ہاتھ میں کشکول ہو تو فیصلے آزادانہ نہیں کر سکتے ، شاہ محمود قریشی

ہاتھ میں کشکول ہو تو فیصلے آزادانہ نہیں کر سکتے ، شاہ محمود قریشی
April 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہاتھ میں کشکول ہو تو فیصلے آزادانہ نہیں کر سکتے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بحرانی کیفیت میں بہت سے جدید تصورات جنم لیتے ہیں۔ عالمی وبا نے گورننس کے انداز کو بدل دیا ہے۔ وزرات خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ سنٹر بنایا گیا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے دور رس اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ تبدیلی تب آتی جب ذہین تبدیل ہوتا ہے۔ دوسری طرف ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت وزارت خارجہ کا ایک اور بڑا اقدام سامنے آ گیا۔ موجودہ وبائی چیلنج کے پیش نظر"ایف ایم ڈائریکٹ" ڈیجیٹل اپلیکیشن کا اجراء کر دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ، وزیراعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدرُس، چیئرمین نادرا اور دنیا بھر میں متعین 60 سے زائد پاکستانی سفراء ڈیجیٹل رابطے کے ذریعے تقریب میں  شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی  نے کہا ایف ایم ڈائریکٹ" اپلیکیشن سے وزارت خارجہ کے داخلی روابط، فیصلہ سازی بہتر ہو سکے گی۔ آج ڈیجیٹایزیشن کا دور ہے ، صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔ عالمی وبائی چیلنج بھی اپنے اختتام پر دنیا کو بڑی حد تک تبدیل کر دے گا۔ اس  سے قبل  وزارت خارجہ "وژن ایف او"، "کافی مارننگ"، "مشاورتی کونسل" جیسے اقدامات اٹھا چکی ہے ۔ایف ایم ڈائریکٹ کا مقصد وزارت خارجہ میں اندرونی روابط کو فروغ دے کر میرٹ، شفافیت اور فیصلہ سازی میں افسران کی آراء کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔ شاہ محمود  نے کہا  کہ اس ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے ذریعے نئے پاکستان میں آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں اپنے فون اٹھائیے اور مجھ سے بات کیجیے۔ ایف ایم ڈائریکٹ ایپلیکیشن کے اجراء سے وزرات خارجہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جملہ افسران، گریڈ اور منصب کی تفریق سے بالاتر، بلا امتیاز وزیر خارجہ سے ڈیجیٹل رابطہ کر سکیں گے اور خارجہ پالیسی امور پر اپنی آراء دے سکیں گے ۔