Sunday, May 19, 2024

ہائیکورٹ بارکے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ جاری

ہائیکورٹ بارکے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ جاری
February 25, 2017

لاہور (92نیوز) لاہور اور ملتان میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔ اکیس ہزار سے زائد وکلا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے رینجرز کے پہرے میں پولنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ فیصل چوک سے نیلے گنبد تک سڑک عام ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2017/18 کیلئے صدارت کے لیے چار امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔ حامد خان گروپ کے چودھری ذوالفقار، عاصمہ جہانگیر کے رمضان چودھری، سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم کھوسہ اور وکیل رہنما آزر لطیف ہائیکورٹ بار کی صدارت کے لیے میدان میں ہیں۔

سیکرٹری کے عہدے پر پانچ امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ نائب صدارت کیلئے دو امیدواروں میں ون ٹو ون مقابلہ ہے۔ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر تین امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔ ہائیکورٹ بار کے انتخابات کیلئے بائیو میٹرک اور مینول دونوں طریقوں سے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

ہائیکورٹ بار انتخابات کے موقع پر عدالتی امور انجام نہیں دیئے جا رہے جبکہ انتخابات کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ رینجرز کی دو کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ فیصل چوک سے نیلے گنبد تک عام ٹریفک کیلئے بند ہے۔