Thursday, April 25, 2024

ہائیکورٹ آئین کے مطابق بالکل آزاد ہے ، نیب ہمارے تابع نہیں ، شاہ محمود قریشی

ہائیکورٹ آئین کے مطابق بالکل آزاد ہے ، نیب ہمارے تابع نہیں ، شاہ محمود قریشی
June 11, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ  آئین کے مطابق بالکل آزاد ہے، کیس نہ ہم نے بنایا اور نہ نیب ہمارے ماتحت ہے جسے ہم کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکتے ۔ آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف ایوان میں پیپلزپارٹی کے احتجاج پر رد عمل  دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  عدالت نے پوری داستان سننے کے بعد ضمانت کینسل کی اور حکم جاری کردیا ،نیب آزاد ادارہ ہے، ہم نیب کے معاملات میں کبھی رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری کو بولنے کا موقع نہ ملنے پر پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا،ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ایوان میں شور شرابے پر  اجلاس ملتوی کردیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری گرفتار ہوئے  تو بلاول بھٹو زرداری فوراً قومی اسمبلی پہنچے اور تقریر کرنے کیلئے مائیک مانگ لیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے ضابطے کے مطابق ذاتی وضاحت کے لیے مائیک شیخ رشید کو دے دیا، مائیک شیخ رشید کو ملنے کی دیر تھی کہ اپوزیشن ارکان نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور احتجاج شروع کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے  ارکان کی منت سماجت کی اور کہا بیٹھ کر شیخ رشید کی بات سن لیں  اس کے بعد مائیک بلاول کو مل جائے گا مگر ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور مائیک مانگنے پر بضد رہے ۔ اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود مائیک شیخ رشید کے پاس ہی رہا۔شیخ رشید   نے کہا اگر نہ بولنے دیا گیا تو  کسی کو نہیں بولنے دوں گا۔ شیخ رشید کی تقریر کے دوران پیپلز پارٹی ارکان  نے  نعرے بازی جاری رکھی، صورتحال کنٹرول نہ ہوئی تو ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔