Monday, September 16, 2024

ہائیڈرنٹس کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، سربراہ واٹر کمیشن

ہائیڈرنٹس کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، سربراہ واٹر کمیشن
January 30, 2018

کراچی (92 نیوز) واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم نے کہا کہ ہائیڈرنٹس کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے ۔
کراچی میں واٹر کمیشن کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ ہائیڈرنٹس قائم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ۔ بھول جائیں کہ ہائیڈرنٹس کی اجازت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سولڈ ویسٹ نے جو کام کیا ہے اس کی کارکردگی کا پتہ چل گیا ہے ۔ سول ہسپتال، سروسز اور لیاری اسپتال کا برا حال ہے ۔
انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ریحان بلوچ سے استفسار کیا کہ کوئی اسپتال بتائیں جو سندھ میں مکمل کام کر رہا ہے ۔
ایڈ یشنل سیکریٹری صحت کو اسپتالوں کی تصاویر بھی دیکھائی گئیں جس پر جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے کہا کہ آپ کو اندازہ نہیں اسپتالوں میں شہری کس کرب سے گزر رہے ہیں ۔
کمیشن نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کب تک اسپتالوں کی یہ صورتحال رہے گی ۔
واٹرکمیشن کے سربراہ نے کہا کہ حکومت کے پاس ایک دن کا وقت ہے ، کل ورک پلان نہیں ملا تو وہ اپنا پلان دیں گے ۔
اس کے بعد واٹرکمیشن کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ۔