Tuesday, April 23, 2024

ہائی کورٹ علاقائی بینچ کے قیام کے لیے وکلاء کا احتجاج ساتویں روز بھی جاری

ہائی کورٹ علاقائی بینچ کے قیام کے لیے وکلاء کا احتجاج ساتویں روز بھی جاری
November 22, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں ہائی کورٹ علاقائی بینچ کے قیام کے لیے وکلاء کا احتجاج ساتویں روز بھی جاری رہا۔ ہائی کورٹ علاقائی بینچ کے قیام کا مطالبہ لیے فیصل آباد کے وکلاء نے ساتویں روز بھی عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ جاری رکھا۔ سائلین کی مشکلات سے بے پرواہ وکلاء نے عدالتی کارووائی کے ساتھ ساتھ ضلع کچہری روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیا۔ چند وکلاء نے عدالتوں میں پیش ہونے کی کوشش کی تو احتجاج کرنے والوں سے تلخ کلامی ہو گئی۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر امجد حسین ملک نے پراسیکیوشن آفس کھولنے کی ہدایت کی تو ینگ وکلاء نے وہ بھی ماننے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب مطالبے کے حق میں نکالی گئی ریلی میں ن لیگی ایم پی ایز میاں طاہر جمیل، مہر حامد رشید، فقیر حسین ڈوگر، راناعلی عابس اور شفیق گجر بھی وکلاء سے اظہار یکجہتی کے لیے ساتھ آ ملے۔ ادھر سرگودھا میں بھی وکلاء نے ساتویں روز عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے ضلع کچہری کی تالہ بندی جاری رکھی اور سائلین کواندر داخل ہونے سے روک دیا۔