Monday, September 16, 2024

گیند لگنے کا ڈر‘ کرکٹ امپائرز کیلئے ہیلمٹ منظور

گیند لگنے کا ڈر‘ کرکٹ امپائرز کیلئے ہیلمٹ منظور
January 30, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں فیلڈ امپائرز کو ہیلمٹ فراہم کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی عالمی تنظیم نے بھارت میں آٹھ مارچ سے شروع ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے فیلڈ امپائرز کو ہیلمٹ مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ حالیہ دو میچز میں امپائرز کے زخمی ہو کر ہسپتال جانے کے بعد کیا گیا۔ دسمبر میں بھارت کی رانجی ٹرافی میچ میں آسٹریلوی امپائر جان وارڈ کے سر پر گیند لگی جس کے باعث وہ زخمی ہو گئے تھے جبکہ رواں ماہ کینبرا میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے ون ڈے میچ کے دوران انگلش امپائر کیٹل بروکی بھی ٹھوڑی پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ آئی سی سی آفیشلز کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی طرح فیلڈ امپائرز کی حفاظت بھی بہت ضروری ہے اس لئے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں فیلڈ امپائرز کو ہیلمٹ دیے جائیں گے۔