Friday, May 17, 2024

گیلپ سروے میں 73 فیصد پاکستانی کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی کے معترف

گیلپ سروے میں 73 فیصد پاکستانی کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی کے معترف
January 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کے خلاف حکومتی کارکردگی سے مطمئن افراد کی شرح میں اضافہ ہوگیا۔73 فیصد پاکستانی کورونا کیخلاف حکومت کی اچھی کارکردگی کے معترف نکلے۔ گیلپ پاکستان نے نیا سروے جاری کردیا۔ جس کے مطابق ہر 10 میں سے 7 پاکستانی نے حکومت کی کورونا کیخلاف کارکردگی کو اچھا قرار دیا۔

73 فیصد پاکستانیوں نے کورونا کیخلاف حکومت کی کارکردگی کو اچھا قرار دیا۔ اس بات کا انکشاف پاکستان سمیت دنیا کے 32 ممالک میں کرائے گئے سروے میں ہوا، جس میں 1 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔

گیلپ سروے کے مطابق ہر 10 میں سے 7 پاکستانی یعنی 73 فیصد نے حکومت کی کورونا کیخلاف کارکردگی کو اچھا قرار دیا ہے اور 23 فیصد نے حکومتی کارکردگی کو برا کہا جبکہ 4 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

گیلپ پاکستان کے مطابق حکومتی کارکردگی سے مطمئن افراد کی شرح میں مارچ 2020 اور اکتوبر سے دسمبر 2020 کے درمیان اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سروے کے مطابق، مارچ میں مطمئن افراد کی شرح 60 فیصد تھی، اپریل میں 82 فیصد، جون میں 67 فیصد، اگست میں 69 فیصد، ستمبر میں 70 فیصد اور اکتوبر سے دسمبر کے درمیان یہ شرح 73 فیصد پر دیکھی گئی۔

سروے میں پاکستانیوں کی رائے کا موازنہ 32 ممالک کی مجموعی رائے سے بھی کیا گیا، جس میں دیکھا گیا کہ عالمی سطح پر 52 فیصد افراد کورونا کیخلاف اپنی حکومتوں کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے جبکہ 45 فیصد نے غیرمطمئن ہونے کا کہا۔

کورونا کیخلاف اپنی حکومتوں سے سب سے زیادہ مطمئن ممالک کی فہرست میں پاکستان 73 فیصد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر دکھائی دیا۔ اِس فہرست میں پہلے نمبر پر 99.8 فیصد کے ساتھ ویتنام نظر آیا۔ چین 99.1 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر، انڈیا 87 فیصد کے ساتھ تیسرے، جنوبی کوریا 82.1 فیصد کے ساتھ چوتھے، ڈنمارک 78.6 فیصد کے ساتھ پانچویں، فن لینڈ اور ملائیشیا 75.5 فیصد کے ساتھ چھٹے، کینیڈا 74.9 فیصد کے ساتھ ساتویں نمبر پر فہرست میں موجود ہے۔

انڈونیشیا 71.3 فیصد کے ساتھ نویں نمبر پر جبکہ جرمنی 63.1 فیصد کے ساتھ کورونا کیخلاف اپنی حکومت کی کارکردگی سے سب سے زیادہ مطمئن افراد کی فہرست میں دسویں نمبر پر نظر آیا۔