Sunday, September 8, 2024

گیس کے نئے کنکشنوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ‘ سمری حکومت کو بھجوا دی گئی

گیس کے نئے کنکشنوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ‘ سمری حکومت کو بھجوا دی گئی
March 23, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب کے عوام کے لیے سوئی ناردرن نے گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی بڑی خوشخبری سنادی۔ نئے کنکشنز پر پابندی کے خاتمے کی سمری بھی حکومت کو بھجوا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے عوام گھر میں چھائے اندھیروں اور ٹھنڈے چولہوں کے عادی ہوتے جا رہے تھے ایسے میں ایم ڈی سوئی ناردرن گیس نے پنجاب کے عوام کو ایک بڑی خوشخبری دے ڈالی۔ امجد لطیف کا کہنا ہے کہ آٹھ سال کے بعد پنجاب سے گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا ہے۔ نظام میں روزانہ پانچ سو ملین مکعب فٹ گیس آ رہی ہے جس کے بعد گھریلو صارفین تو گیس کی چوبیس گھنٹے فراہمی سے فیض یاب ہو ہی رہے ہیں ساتھ ہی ساتھ ہر وقت لوڈ شیڈنگ کا گلہ کرنے والے صنعتکاروں کو بھی سکھ کا سانس لینے کا موقع میسر آیا ہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن گیس امجد لطیف کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو بھی چوبیس گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن کے مطابق انہوں نے حکومت کو نئے گیس کنکشن پر سے پابندی ختم کرنے کی سمری بھی ارسال کر دی ہے جس کے بعد نئے گیس کنکشن کے حصول میں حائل دشواریاں ختم ہو جائیں گی۔ دیکھنا ہے کہ ایم سوئی ناردرن گیس کا لوڈشیڈنگ خاتمے کا اعلان صرف گرمیوں تک ہی محدود رہتا ہے یا عوام سردیوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے اس بے قابو جن سے چھٹکارا پا سکیں گے۔