Thursday, March 28, 2024

گیس کی قیمتوں میں اضافہ ، گھریلو صارفین بھی پریشان

گیس کی قیمتوں میں اضافہ ، گھریلو صارفین بھی پریشان
September 19, 2018
لاہور ( 92 نیوز) گیس قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے گھریلو صارفین کوبھی چکرا کر رکھ دیا ، شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھانے سے نچلے طبقے پر مزید بوجھ بڑھے گا، حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ تبدیلی سرکار نے عوام پر گیس بم گرا دیا، گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 20 سے 25 فیصد اضافے نے شہریوں کو گھما کر رکھ دیا ہے، امور خانہ داری چلانے والی خواتین کہتی ہیں کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ اب قیمتوں میں اضافہ انتہائی پریشان کن ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے وعدے پر ووٹ لیے مگر آغاز سے ہی مہنگائی کا طوفان کھڑا کیا جا رہا ہے، گیس روز مرہ کی اہم ضرورت ہے، قیمتوں میں اضافے سے دیگر اشیاء بھی مہنگی ہو جائیں گی۔گیس کی قیمتوں میں اضافے سے آنے والے موسم سرما میں شہریوں کو کئی گنا زائد بل ادا کرنا ہوں گے۔