Thursday, April 18, 2024

گیس کمپنیوں کو خسارے سے دوچار کرنے پر شاہد خاقان عباسی کے خلاف تحقیقات شروع

گیس کمپنیوں کو خسارے سے دوچار کرنے پر شاہد خاقان عباسی کے خلاف تحقیقات شروع
October 8, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) گیس ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن روکنے اور گیس کمپنیوں کو اڑھائی سو ارب روپے کے خسارے سے دوچار کرنے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اوگرا حکام کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  بھی نیب کے ریڈار پر آگئے۔ گزشتہ حکومت کی ایما پر گیس ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن روکنے پر سابق چیئرمین اوگرا عظمٰی عادل  بھی تحقیقات میں زد میں اگئی۔ ن لیگ کی سابقہ حکومت نے 4 سال تک گیس کی قیمتوں کو مصنوعی بنیادوں پر برقرار رکھا۔ گیس کمپنیز نے گیس کی شدید قلت کے باوجود گزشتہ ایک سال کے دوران 15 لاکھ نئے کنکشن جاری کیے۔ اوگرا کی مجرمانہ غفلت کے باعث گیس صارفین کیلئے جولائی 2018 کو  یکمشت گیس کی قیمتوں میں 3 گنا اضافہ کرنا پڑا۔ پٹرولیم ڈویژن کے مطابق گیس ٹیرف میں اضافہ نہ ہونے کے باعث سوئی ناردرن اور سدرن مالی طور پر دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئیں تھیں۔ گیس کمپنیوں کو تباہی سے بچانے کیلئے 17ستمبر کو گھریلوصارفین کیلئے 143 فیصد تک جبکہ دیگر شعبوں کیلئے بھی گیس 57 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی جس کا اوگرا نے بالاخر 4 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا۔