Friday, March 29, 2024

گیس بحران ،وزیراعظم کے حکم پر قائم انکوائری کمیٹی نے کی تحقیقات مکمل کر لیں

گیس بحران ،وزیراعظم کے حکم پر قائم انکوائری کمیٹی نے کی تحقیقات مکمل کر لیں
December 17, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم کے حکم پر قائم انکوائری کمیٹی نے گیس بحران کی تحقیقات مکمل کرلیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان آج رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریں گے ،کمیٹی نے ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے سفارشات وزیراعظم کو ارسال کردیں۔ گیس بحران پر وزیراعظم کی ہدایت پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ مکمل کر لی  جس کے مطابق آئل ریفائنریز نے ساڑھے سات فیصد ڈیمڈ ڈیوٹی وصول کرنے کے باوجود ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بہتر نہیں بنائی۔ رپورٹ میں   ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔ رپورٹ میں  مطلوبہ ایل این جی کی بروقت درآمد نہ ہونا بھی بحران کی وجہ قرار  دی گئی ہے ۔ آئل ریفائنریز، بااثر فرنس لابی اور پاور ڈویژن کے گٹھ جوڑ کے باعث پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کودسمبر میں بھی ایل این جی کے مطلوبہ کارگو خریدنے سے روک دیا گیا۔ کمیٹی نے گیس بحران سے بچنے کیلئے اہم سفارشات بھی وزیراعظم کو دے دیں  ، گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کے ساتھ موثر رابطوں اور ورک پلان پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی بھی سفارش  کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق آئل ریفائنریز اور فرنس لابی سے وابستہ افراد وزارت توانائی اور وزیراعظم سیکرٹریٹ میں لابنگ کیلئے مسلسل متحرک ہیں تاکہ وزیراعظم کی جانب سے ممکنہ طور پر سخت احکامات کورکوایا جاسکے۔