Thursday, May 9, 2024

گیس بحران، عوام کے چولہے ٹھنڈے، با اثر افراد اور بیورو کریٹس کو بلا تعطل گیس فراہمی جاری

گیس بحران، عوام کے چولہے ٹھنڈے، با اثر افراد اور بیورو کریٹس کو بلا تعطل گیس فراہمی جاری
December 31, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں گیس کے شدید بحران کے با عث عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ تاہم سوئی ناردن حکام کی جانب سے با اثر افراد اور اہم بیورو کریٹس کے گھروں میں کمرشل صارفین کیلئے استعمال ہونے والا ریگولیٹر لگا کر بلاتعطل گیس کی فراہمی جاری ہے۔ ملک بھر میں گیس کا شدید بحران ۔ عوام لکڑیاں جلانے پر مجبورہوگئے۔ آخر موسم سرما میں یہ گیس جاتی کہاں ہے؟۔ 92 نیوز نے پتا چلا لیا؟۔ سوئی ناردن گیس حکام کی بے رحمانہ روش جاری ہے۔ عام اور غریب شہریوں کے گھروں میں گیس نہیں تو کیا ہوا؟ اعلیٰ افسران اور با اثر افراد کے گھروں میں گیس کی کمی نہیں ہونی چاہیئے بلکہ فل پریشر گیس کی فراہمی کا انکشاف ہوا۔ من پسند افراد کے لیے کمرشل صارفین کیلئے استعمال ہونے والا 31 سی ایم ریگولیٹرز گھروں پر لگا دیئے گئے۔ جی ایم سوئی ناردن اسلام آباد ظہور احمد سے اس بارے میں موقف لیا گیا تو انہوں نے انوکھی توجیح پیش کی کہ بڑا ریگولیٹر لگانے سے پریشر بڑھ جاتا ہے لیکن ایسے صارفین کو بل بھی زیادہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے وہ بھی زیادہ بل ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ ان کے گھروں میں بھی بڑے ریگولیٹرز لگائے جائیں ۔ تاکہ ان کے بچے بھوکے سکول جائیں نہ ہی دن بھر سردی میں کپکپائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے رہائشی مکانات میں کمرشل ریگولیٹرز کے باعث ایک گھر میں فل پریشر گیس دستیاب ہوتی ہے لیکن آس پاس کے تمام گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا کہنا ہے وہ لو پریشر سے بچنے اور بچوں کا پیٹ بھرنے کے لیے کمپریسر لگا لیں تو غیر قانونی اقدام ہے تو کیا با اثر افراد کے گھروں میں کمرشل ریگولیٹرز لگانا ہی نیا پاکستان ہے۔