Monday, May 6, 2024

گیس بحران ، سوئی نادرن ، سوئی سدرن کے سربراہان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

گیس بحران ، سوئی نادرن ، سوئی سدرن کے سربراہان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
January 9, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) گیس بحران کے ذمہ دار سوئی نادرن اور سوئی سدرن کے سربراہان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ گیس بحران کے ذمہ داران کا تعین کر دیا گیا۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں سوئی سدرن اور سوئی نادرن کےسربراہان کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا جس پرانھیں فوری طور پر برطرف کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں وزیر اعظم کو گیس بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ وزیراعظم کو ملک میں گیس اور بجلی کی طلب اور رسد کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر گیس کمپریسرز کے استعمال اور بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون سے ڈیرھ ارب روپے کی بچت ہوئی جبکہ بجلی چوری کے خلاف مہم میں اب تک 16000 مقدمات قائم کیے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں گیس کی کمی ایک ہفتے میں پورا کرنے اور بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے اور واضح کیا ہے کہ بجلی چوری کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قبول نہیں۔ دوسری طرف پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں سردی بڑھی تو گیس بحران بھی بڑھ گیا۔ کہیں گیس لوڈشیڈنگ اور کہیں کم پریشر نے شہریوں کے لئے کھانا بنانا تو درکنار کھانا گرم کرنا ہی ناممکن بنا دیا۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں جوں جوں سردی بڑھتی جارہی ہے ویسے ویسے گیس کا بحران بھی بڑھتا ہی جارہا ہے۔ پشاور کے مختلف علاقوں نوتھیہ قدیم، نوتھیہ جدید، کوٹلہ محسن خان، بھانہ ماڑی اور کاکشال میں گیس لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری احتجاج پر مجبور ہیں۔