Thursday, April 25, 2024

گیتا نے رخت سفر باندھ لیا

گیتا نے رخت سفر باندھ لیا
October 25, 2015
کراچی (92نیوز) بھارتی شہری گیتا اب اپنے وطن بھارت جانے کی تیاری کر چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی شہری گیتا اب اپنے وطن روانہ ہونے کو تیار ہے۔ گیتا بول اور سن تو نہیں سکتی لیکن اشاروں سے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کرتی نظر آتی ہے۔ گیتابھارتی اداکار سلمان خان کی مداح ہے۔ وہ اشاروں میں کہتی ہے کہ بجرنگی بھائی جان اسے اپنے کاندھوں پر بیٹھا کر لے جائیں گے۔ بلقیس ایدھی سے محبت کا اظہار کرتی گیتا خوش ہے کہ اس کی بلقیس ماما اس کےساتھ بھارت جا رہی ہیں۔ اس نے تقریباً بارہ سال ایدھی شیلٹر ہوم میں گزارے۔ اس دوران اسے اپنی مذہبی رسومات پوری کرنے کی مکمل آزادی تھی۔ ہولی، دیوالی، نوراتری ہویادسہرا اس نے سارے تہوار پاکستان میں منائے۔ پاکستان رینجرز کے مطابق گیتا لاہور ریلوے سٹیشن پر سمجھوتہ ایکسپریس میں انہیں اکیلی بیٹھی ملی تھی۔ اس وقت اسکی عمرگیارہ سال تھی جس کے بعد اسے ایدھی ہوم منتقل کر دیا گیا۔ پاکستانی حکام کے سامنے گیتا کے بھارتی شہری ہونے کا کیس سب سے پہلے سال دوہزاربارہ میں آیا جس کے بعد اس کے حقیقی اہل خانہ کی تلاش شروع ہوئی۔ بالآخر رواں سال دوہزار پندرہ میں پاکستانی اور بھارتی حکام کی محنت رنگ لائی اور گیتا صوبہ بہار سے تعلق رکھنے والے اپنے حقیقی خاندان کوپہچاننے میں کامیاب ہو گئی لیکن یہاں کہانی میں نیا موڑ اس وقت آیا جب اس کے اہل خانہ نے انکشاف کیاکہ جس وقت گیتاگم ہوئی تھی اس وقت ناصرف وہ شادی شدہ تھی بلکہ اس کا چند ماہ کابیٹا بھی تھاجواب گیارہ سے بارہ سال کا ہو چکا ہے۔ گیتا والدین کو تو پہچان رہی ہے لیکن شادی اور بچے سے انکار کر رہی ہے۔ فیصل ایدھی کے مطابق بھارتی حکام نے گیتا کو اپنا شہری قبول کیا ہے۔ پاکستانی اور بھارتی حکام کی جانب سے سفری دستاویزات مکمل کر لی گئی ہیں۔ گیتاچھبیس اکتوبر کو بلقیس ایدھی کے ہمراہ بھارت روانہ ہورہی ہے جہاں بھارتی حکومت نے اس بات کایقین دلایا ہے کہ وہ ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی گیتا کو اس کے اہل خانہ کے حوالے کریں گے۔