Saturday, May 11, 2024

گیارہ سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فواد عالم انگلینڈ کیخلاف بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ

گیارہ سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فواد عالم انگلینڈ کیخلاف بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ
August 13, 2020

ساؤتھمپٹن ( 92 نیوز) ہائے ری قسمت ،گیارہ سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فوادعالم انگلینڈ کیخلاف ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے،فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت پر سوشل میڈیا دلچسپ تبصروں سے بھرا نظر آیا ۔

گیارہ سال  کا طویل اور صبر آزما انتظار کرنے والے فواد عالم کو خدا خدا کرکے انگلینڈکیخلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میں فائنل الیون میں منتخب کیا گیا تو یہ خبر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈبن گئی ،مداحوں نے انہیں استقامت کا پیکر قرار دیا ۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے آفیشل ٹوئٹرہینڈل پر لکھا فواد کو آخری ٹیسٹ کھیلے 3910دن ہوگئے اورانکے بغیر پاکستانی ٹیم نے 88ٹیسٹ میچ کھیلے۔

صحافی مظہر ارشد نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا جب فواد عالم نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تب انسٹاگرام وجود میں نہیں آئی تھی ۔اینکر پرسن وقارذکا نے لکھاصرف پاکستانی عوام ہی نہیں  پشاور بی آرٹی بھی فوادعالم کی ٹیم میں شمولیت کی منتظر تھی ۔

بارہ جولائی 2009کو سری لنکا کیخلاف ڈیبیو کرنیوالے فواد عالم نے پہلے ہی میچ میں سنچری اسکور کرکے اپنی دھاک بٹھائی ۔  28نومبر 2009کو نیوزی لینڈکیخلاف ٹیسٹ میچ کے بعد انہیں سلیکٹرز نے مسلسل نظرانداز کیا  تاہم فوادعالم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کا انبارلگاکر سلیکٹرز کو ایک بار پھر انہیں ٹیم میں منتخب کرنے پر مجبور کردیا۔