Thursday, April 25, 2024

گھی ملوں پر چھاپوں کے خلاف وناسپتی ایسوسی ایشن سراپا احتجاج

گھی ملوں پر  چھاپوں کے خلاف وناسپتی ایسوسی ایشن سراپا احتجاج
November 29, 2016

 لاہور(92نیوز)ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گھی ملوں پر چھاپوں کے خلاف وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن سراپا احتجاج ہے۔ ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کل سے ملیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

 تفصیلات کےمطابق فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گھی ملز پر  چھاپوں کے خلاف وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کر دیا  چئیرمین پی وی ایم اے اعزاز علی ملک نے کہا ہے کہ انتظامیہ ہراساں کر رہی ہے وہ کل سے ملک بھر میں گھی ملیں بند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے دفتر کے باہر دھرنا بھی دیں گے۔ اعزاز علی ملک نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے وناسپتی ملوں پر چھاپہ مار کر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے یہ جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا کہ وناسپتی گھی معیار کے مطابق نہیں جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی ان کا کاروبار بند کرنے کے درپے ہے جسے وہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

چیئرمین پی وی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ فوڈ اتھارٹی فوری طور پر من گھڑت پروپیگنڈہ ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ گھی ملوں پر چھاپے بند کیے جائیں ورنہ ہڑتال کا عرصہ طویل بھی ہو سکتا ہے۔