Sunday, September 8, 2024

گھوٹکی : مال بردار ٹرین پٹڑی سے اتر گئی‘ ٹریک پر آمد و رفت معطل

گھوٹکی : مال بردار ٹرین پٹڑی سے اتر گئی‘ ٹریک پر آمد و رفت معطل
January 10, 2016
گھوٹکی (92نیوز) ڈہرکی کے قریب کمزور پٹڑی ٹوٹنے کے باعث مال بردار ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں‘ ڈاون ٹریک معطل‘ امدادی کام جاری۔ تفصیلات کے مطابق گھوٹکی ڈہرکی کی جھنگ پھاٹک کے قریب ریلوے لائن کی کمزور پٹڑی ٹوٹنے کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ڈاون ٹریک پر آمدورفت معطل ہو گئی۔ حادثے کے بعد قراقرم ایکسپریس‘ نائٹ کوچ ایکسپریس‘ ہزارہ ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ بعدازاں ریلوے پٹڑی سے اترنے والی بوگیوں کو الگ کر کے باقی ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پٹڑی کا مرمتی کام جاری ہے۔ ٹریک سے اتر جانے والی بوگیوں کو ٹریک سے ہٹانے کے لیے روہڑی سے کرین طلب کر لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جھنگ پھاٹک کے قریب زنگ آلود کمزور ریلوے پٹڑی مال بردار ٹرین کا وزن برداشت نہ کرتے ہوئے ٹوٹی۔ ریلوے کی غفلت کے باعث کبھی پٹڑی کو چیک نہیں کیا جاتا جس کے باعث کمزور پٹڑی ٹوٹی ہے۔ خدشہ ظاہرکیا گیا ہے کہ اگر مسافر ٹرین ہوتی تو بہت نقصان ہو سکتا تھا۔ شروع کیا گیا امدادی کام بھی سست روی کا شکار ہے۔