Sunday, April 28, 2024

گھریلو ملازمہ قتل کیس ، مؤقف لیے بغیر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج

گھریلو ملازمہ قتل کیس ، مؤقف لیے بغیر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج
September 7, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ کے قتل کیس میں پولیس نے مؤقف لیے بغیر نامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کیا۔ پوسٹمارٹم اور لاش کی جلد تدفین کے لیے بھی دباؤ ڈالا۔ امین ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ کے قتل کی گتھی سلجھنے کی بجائے مزید الجھ گئی۔ کیس میں سامنے آنے والے نئے انکشافات نے پولیس کا کردار بھی مشکوک کر دیا۔ لواحقین کے مطابق 16 سالہ فائزہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے مگر پولیس لڑکی کا پوسٹمارٹم اور جلد از جلد تدفین کے لیے دباؤ ڈالتی رہی۔ مقتولہ فائزہ فیصل آباد پولیس میں دو کانسٹیبل بھائی زین العابدین اور حماد کے گھر کل وقتی ملازمہ تھی، والدہ کے مطابق بیٹی نے اس سے قبل بھی مالکان کی جانب سے تشدد کی شکایت کی تھی۔ پولیس اصل ملزمان کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، اعلی حکام سے اپیل ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ مقتولہ ملازمہ کے لواحقین کی جانب سے مالکان پر شک کا اظہار کیا جا رہا ہے تاہم تھانہ منصورہ آباد پولیس پیٹی بھائیوں کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے معاملہ کو ڈکیتی مزاحمت یا خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔