Wednesday, May 8, 2024

گھریلو صارفین سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ‘ صنعتوں کا پہیہ بند رکھا جائیگا

گھریلو صارفین سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ‘ صنعتوں کا پہیہ بند رکھا جائیگا
May 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزارت پانی و بجلی نے رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا۔ وزارت پانی وبجلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے سحر اور افطارکے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائیگی۔ ان اوقات میں صنعتوں کا پہیہ بند رکھا جائے گا لیکن شہروں میں 6 اور دیہات میں 8 گھنٹے کی یومیہ لوڈ شیڈنگ معمول کے مطابق ہو گی۔ گزشتہ سال کی طرح بروقت لوڈ مینجمنٹ پلان جاری کردیا گیا ہے۔ وزارت کا دعویٰ ہے کہ ساڑھے 16 ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کر سکتے ہیں لیکن کیا ٹرانسمیشن سسٹم اس قابل ہے۔ اگر ہائی وولٹیج لائنوں سے بجلی گزر بھی گئی تو کیا ڈسٹری بیوشن سسٹم سحر اور افطار میں بلاتعطل بجلی صارفین تک پہنچا سکے گا۔ زمینی حقائق یہ ہیں کہ موسم گرما کے لیے جاری کیا گیا شیڈول تو صرف اسلام آباد شہر تک ہی محدود ہے۔ معمولی سی تیز ہوا چلنے اور ہلکی بارش سے متعدد شہروں کے فیڈر ٹرپ کر جاتے ہیں۔ موسم گرم ہو تو ٹرانسفارمرز پٹاخوں کی طرح پھٹ جاتے ہیں۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس پوری مقدار میں بجلی پیداکرنے میں ناکام ہیں۔ رمضان میں روزہ داروں پر کیا بیتے گی اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔