Thursday, May 2, 2024

گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے پر متوسط طبقے کو جان کے لالے پڑ گئے

گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے پر متوسط طبقے کو جان کے لالے پڑ گئے
April 7, 2020
لاہور ( 92 نیوز) گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے پر متوسط طبقے کو جان کے لالے پڑ گئے، لاہور کی شاہین کے حالات زندگی بھی کچھ ایسے ہی ہیں  جسے بچوں کی پرورش اور زندگی کا پہیہ چلانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث  غریب روٹی کے  ایک ایک لقمے کیلئے ترس گئے ہیں ،  لاہور کی رہائشی شاہین  کی  زندگی  بھی ایسی ہی ہے ، جو ایک اسکول میں آیا کا کام کرتی ہیں مگر لاک ڈاؤن کے باعث انکی آمدن کا واحد ذریعہ بھی جاتا رہا۔ شاہین بیوہ اور تین بچوں کی ماں ہے،جس کے لیے کورونا وائرس نے دوقت کی روٹی کمانا بھی مشکل بنا دیا ہے، شاہین کا کہنا ہے کہ شوہر کے بغیر زندگی پہلے ہی بہت مشکل سے گزر رہی تھی،حالیہ لاک ڈاؤن کے باعث حالات مزید خراب ہو گئے۔ شاہین کا کہنا ہے کہ ایک جانب کورونا وائرس کے باعث ذرائع آمدن رک گیا ہے، تو دوسری جانب مہنگائی بھی عروج پر ہے ۔ شاہین کے سات سالہ بیٹے کا کہنا ہےکہ اس کی ماں جب کام پر جاتی تھیں تو اکیلے گھر میں بہت ڈرتے ہیں،حکومت کوئی مدد کر دے۔ کراچی کے عیدو نامی شخص کے حالات بھی کچھ زیادہ مختلف نہیں ،عیدو پلاسٹک فیکٹری میں کام کرتا ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہے  کہتا ہے امداد کے حکومتی دعوے کھوکھلے نکلے ،  بعض این جی اوز کے لوگ شناختی کارڈ لیکر گئے مگر راشن کا پتہ نہیں ۔ عیدو کی والدہ بھی دکھ بھری زندگی پر لاک ڈائون لگنے سے پریشان ہیں۔ پڑوسی محمد بخش کے حالات بھی ایسے ہی ہیں جو ٹین ڈبے کام کرتا ہے کہتا ہے پھیری لگا کر کباڑ جمع کرلیا مگر اب اسے فروخت کرنے کے آثارنہیں ،  حکومت کی جانب سے راشن فراہمی کا تو بس سن رہے ہیں۔ لیاقت آباد کی اس آبادی میں بسنے والے تمام ہی گھرانوں کے ایک جیسے حالات ہیں اور یہ عکاسی ہے روز کمانے اور کھانے والوں کی۔ کورونا وائرس کے باعث لگا لاک ڈاؤن مزدوروں اور غریب افراد کے لئے کٹھن امتحان سے کم نہیں، لاک ڈاؤن کی باعث غریب طبقہ کو جمع پونجی نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اب یہ لوگ حکومت وقت کی مدد کے منتظر ہیں۔