Friday, September 20, 2024

کالی آندھی چھا گئی‘ ورلڈ کپ جیتنے کا ہندوستان کا خواب ادھورا رہ گیا

کالی آندھی چھا گئی‘ ورلڈ کپ جیتنے کا ہندوستان کا خواب ادھورا رہ گیا
March 31, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) کالی آندھی نے چھکے مار مار کر ہندوستانیوں کا بھرکس نکال دیا۔ ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں گھر کے شیروں کو عبرت ناک شکست نے دنیابھر کے شائقین کو خوش کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ہوم گراﺅنڈ اور ہوم کراﺅڈ بھارت کے کسی کام نہ آیا۔ کرکٹ پر حکمرانی کے خواب دیکھنے والے بھارت کو دنیائے کرکٹ کی کمزور ٹیم دھول چٹا دی۔ آج جب میچ کا آغاز ہوا تو ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ روہت شرما نے تین چھکوں‘ تین چوکوں کی مدد سے 43رنز بنائے۔ ریہانے نے دو چوکوں کی مدد سے 40رنز بنائے۔ ورلڈکپ کے کامیاب بلے باز ویرات کوہلی 89رنز اور کپتان مہندر سنگھ دھونی پندرہ رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ کوہلی نے ایک چھکے اور گیارہ چوکوں سے مزین اننگ کھیلی۔ ایک سو ترانوے رنز ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان دہشت ناک بلے باز کرس گیل جبکہ دوسرا نقصان مارلن سیموئلز کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا مگر چارلس اور سمنز نے اس موقع پر اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں نے گراﺅنڈ کے چاروں اطراف خوبصورت شاٹس کھیلے اور بھارتی باﺅلرز کو تگنی کا ناچ نچاتے رہے۔ چارلس 36 گیندوں پر 52رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ان کی اننگ میں دو چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ سمنز نے 83رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ انہوں نے 5چھکے اور 7 چوکے مارے۔ آندرے رسل نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور وہ چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کرناٹ آﺅٹ رہے۔ اشیش نہرا‘ بمرا اور کوہلی نے ایک‘ ایک وکٹ حاصل کی۔