Saturday, April 27, 2024

گڈو پاور کمپنی کے پاور پلانٹ ٹرپ کر گئے، کئی شہروں کو بجلی کی سپلائی معطل

گڈو پاور کمپنی کے پاور پلانٹ ٹرپ کر گئے، کئی شہروں کو بجلی کی سپلائی معطل
January 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) 2017 میں بجلی کا پہلا بریک ڈاﺅن۔ گڈو پاور کمپنی کے متعدد پاور پلانٹ ٹرپ کر گئے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے بجلی کی سپلائی سے محروم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق 92نیوز نے تو پہلے ہی نشان دہی کر دی تھی کہ بجلی کی کم پیداوار کے باعث نارتھ ساوتھ بجلی کا ترسیلی نظام کا توازن بگڑ سکتا ہے کیونکہ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع بتاتے ہیں کہ بجلی کی پیداوار انتہائی کم ہے۔

یہی ہوا کہ گڈو پاور کمپنی کے 5 پاور پلانٹ اچانک ٹرپ کر گئے جس سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ وزارت کے ذرائع نے بتایا کہ ملک کے دو بڑے ڈیموں میں پانی کا اخراج 10 ہزار کیوسک ہے۔ ان ڈیموں سے بجلی پیدا کرنے والے 90 فی صد پاور یونٹ بند ہو چکے ہیں۔ فرنس آئل کی کم دستیابی اور گیس کے لو پریشر کی وجہ سے تھرمل بجلی کی پیداوار بھی بہت کم ہے۔

اس وقت ملک بھر میں بجلی کی مجموعی پیداوار ساڑھے 8 ہزار میگاواٹ اور طلب 13ہزار میگاواٹ تک ہے۔ شمال اور جنوب میں ٹرانسمیشن لائن میں بجلی کے لوڈ کا توازن بگڑنے سے بریک ڈاون کی کیفیت پیدا ہوئی۔ ملک کے مختلف علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے مین ٹرانسمیشن لاینوں کے کنڈکٹرز نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں کہ بجلی کی پیدوار بڑھائی جائے اور جیسے جیسے دھند کی کیفیت کم ہو گی بجلی کی بحالی بھی شروع ہو جاے گی۔