Friday, May 10, 2024

گڈز ٹرانسپورٹرز کا 22اکتوبر کے بعد کنٹینر پنجاب نہ لانے کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹرز کا 22اکتوبر کے بعد کنٹینر پنجاب نہ لانے کا اعلان
October 10, 2019
لاہور(ویب ڈیسک ) گڈز ٹرانسپورٹرز نے مولانا فضل الرحمان کے مارچ کو روکنے کے لئے حکومتی اقدامات کے خوف، پکڑ دھکڑ کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصانات اور چیزوں کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے 22اکتوبر کے بعد پنجاب میں کنٹینرز نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کی جانب سے بھی ملک بھر میں پیغامات بھجوانے شروع کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت سندھ سے پنجاب کے لئے بکنگ نہیں کی جائے گی ۔حکومت کی جانب سے کسی بھی دھرنے کو ناکام بنانے کی غرض سے دو تین روز قبل ہی راستے بند کرنے کے لئے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی جاتی ہے ۔ گڈز ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور ایسوسی ایشنز نے فیصلہ کیاہے کہ 22اکتوبر کے بعد کنٹینرز کو سامان کے ساتھ پنجاب میں داخل کیا جائے گا نہ ہی مال کی بکنگ کی جائے گی۔پنجاب سے سندھ کے لئے کسی مال کی بکنگ بھی نہیں کی جائے گی کیونکہ ایسے سامان پر گڈز ٹرانسپورٹر کو ہرروز 100ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے ۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے تمام گڈز کمپنیوں کو آگاہ کیا ہے کہ اگر کسی نے 22اکتوبر کے بعد گاڑیاں چلائیں تو پکڑے جانے والے کنٹینرز کے وہ خود ذمہ دار ہونگے ۔