Saturday, April 27, 2024

گٹکا کی خریدو فروخت روکنے کیلئے رینجرز کو بھی احکامات جاری

گٹکا کی خریدو فروخت روکنے کیلئے رینجرز کو بھی احکامات جاری
October 9, 2019
 کراچی (92 نیوز) گٹکا کی خریدو فروخت روکنے کیلئے رینجرز کو بھی احکامات جاری کر دیئے گئے۔ سندھ ہائی کورٹ نے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تحریری حکم نامے میں گٹکا، ماوا کی تیاری، فروخت میں ملوث پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا گیا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور ڈی جی فوڈ کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے پراسکیوٹر جنرل، آئی جی اور ڈی جی رینجرز سندھ سے عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ صرف جناح اسپتال میں سالانہ بنیاد پر منہ کے کینسر کے دس ہزار مریض آرہے ہیں۔ عدالت نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہا یہ بھی تو دہشت گردی ہے، جو انسانوں کی زندگیاں نگل رہی ہے۔ گٹکا بنانے والوں کیلئے عمر قید ہونی چاہئے۔ وزیراعلی کو بھی بلوانا پڑا تو بلوائیں گے۔ عدالت نے کہا کہ پولیس اور اسمبلی میں بیٹھے لوگوں کی ملی بھگت کے بغیر گٹکا فروخت نہیں ہوسکتا۔ جب تک افسران کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی، مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ پولیس افسران کے اثاثوں کی چھان بین ہونی چاہئے۔