Thursday, May 9, 2024

گوگل نے چالیس زبانوں کا فوری ترجمہ کرنے والا ہیڈ فون متعارف کرادیا

گوگل نے چالیس زبانوں کا فوری ترجمہ کرنے والا ہیڈ فون متعارف کرادیا
October 5, 2017

سان فرانسسکو (92 نیوز) جدید ٹیکنالوجی نے اب زبان کی رکاوٹ بھی ختم کردی ہے۔ گوگل نے ایسا ہیڈفون لانچ کیا ہے جو 40 زبانوں میں فوری ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گوگل پکسل بڈز کے نام سے یہ ہیڈ فون متعارف کرواتے ہوئے سٹیج پر ایک خاتون اور مرد درمیان مکالمہ دکھایا گیا جس میں مرد انگریزی اور خاتون سویڈش بول رہی تھیں۔
اب تک سائنس فکشن میں ایسے آلات کا تصور پیش کیا جاتا رہا ہے جو ایک زبان سےدوسری زبان میں فوری ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر یہ پہلی بار ہے کہ کسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی نے ایسا کوئی آلہ متعارف کروایا ہے۔
گوگل پکسل بڈز نامی ہیڈ فون ٹرانسلیٹ سروس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ کوئی صارف ہیڈفون کو دبا کر مثال کے طور پر کہہ سکتا ہے کہ مجھے جرمن زبان میں گفتگو کرنی ہے جس کے بعد صارف انگریزی بولے تو گوگل پکسل فون کے سپیکر سے اس کا فوری جرمن ترجمہ سنائی دے گا۔
اس آلے کی مدد سے زبان کی تفہیم کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے اور کوئی بھی شخص کسی ایسے ملک میں جا کر مقامی لوگوں سے بات چیت کر سکتا ہے۔ چاہے اسے اس زبان کا ایک لفظ بھی نہ آتا ہو۔اس ہیڈفون کی قیمت 159 ڈالر رکھی گئی ہے اور یہ 22 نومبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔