Monday, September 16, 2024

گوگل نے زیادہ کمائی کیلئے ”الفابیٹ“ کے نام سے نئی کمپنی قائم کر لی

گوگل نے زیادہ کمائی کیلئے ”الفابیٹ“ کے نام سے نئی کمپنی قائم کر لی
August 12, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) عالمی  سرچ انجن گوگل نے اپنی کمپنی میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے ”الفابیٹ“ کے نام سے ایک نئی کمپنی قائم کی ہے تاہم اپنی سب سے زیادہ مقبول خدمات کو گوگل اپنے پاس برقرار رکھے گا جس میں انٹرنیٹ سرچ (تلاش)، ایپس (ایپلی کیشنز)، یو ٹیوب اور اینڈرائڈ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بعض نئی چیزیں جیسے سرمایہ کاری اور تحقیق کا شعبہ، سمارٹ ہوم، یونٹ نیسٹ اور ڈرون کے شعبے وغیرہ متعارف کرائے گئے ہیں اور انہیں الفابیٹ انکارپوریٹڈ کے تحت چلایا جائے گا۔ گوگل کے بانی لیری پیج نے کہا ہے کہ کمپنی کےلئے ”الفابیٹ“ نام منتخب کیے جانے کی دو وجوہات تھیں ایک یہ کہ یہ زبان کی نمائندگی کرتا ہے اور ہم اسی کی بنیاد پر گوگل سرچ کو چلاتے ہیں جبکہ الفابیٹ کا مطلب سرمایہ کاری میں ہدف سے زیادہ ریٹرن ہوتا ہے اورجس کےلئے ہم کوشاں ہیں۔ نئی انتظامیہ میں لیری پیج الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوں گے جبکہ بھارتی نژاد سندر پیچائی اب گوگل کے سی ای او ہوں گے۔ گوگل کے شریک بانی سرجی برین الفابیٹ کے صدر ہوں گے جبکہ گوگل کے موجودہ چیئرمین ایرک شمٹ ایگزیکٹو چیئرمین ہوں گے۔ گوگل کے نئے چیف فنانشل آفیسر روتھ پوراٹ گوگل اور الفابیٹ دونوں کے لیے اسی عہدے پر کام کریں گے۔