Friday, April 26, 2024

گونگے بہرے بچوں پر تشدد،چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا

گونگے بہرے بچوں پر تشدد،چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا
November 16, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے پنجاب میں گونگے بہرے بچوں پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے جمعے کے روز سے گونگے بہرے بچوں کی ہر بس کیساتھ غیرمسلح دو اہلکار تعینات کرنے کا حکم بھی دے دیا ۔
سمبڑیال میں اسپیشل بچوں پر تشدد کرنے والے بس کنڈکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ جب کہ بس کنڈکٹر کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نےرات گئے جی او آر کیمپ آفس میں مقداد نقوی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔قانون دان اور تحفظ انسانی حقوق کی کارکن سارہ بلال نے مقدمے کی سماعت میں فاضل چیف جسٹس کی معاونت کی ۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر ڈسکہ کے طلباء وطالبات پرسرکاری بس میں تشدد کیا ۔ لاہور میں بھی گونگے بہرے بچوں پر تشدد کے واقعات اس سے پہلے رپورٹ ہو چکے ہیں ۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ گونگے بہرے بچوں پر مستقبل میں تشدد روکنے کیلئے خصوصی اقدامات کا حکم دیا جائے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا کہ 17نومبر سے سرکاری اسکول کی بسوں کیساتھ 2غیرمسلح اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے ۔ اس کے ساتھ انہوں نے ڈی پی او سیالکوٹ، ڈپٹی کمشنر اور سیکرٹری محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو بھی 4 دسمبر کو طلب کر لیا ہے جبکہ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، اور سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن سے بھی واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔