Sunday, May 12, 2024

گولیمار میں گرنے والی عمارت کے بلڈر جاوید ، ساتھی یونس کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

گولیمار میں گرنے والی عمارت کے بلڈر جاوید ، ساتھی یونس کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
March 13, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی کی مقامی عدالت نے گولیمار میں گرنے والی عمارت کے بلڈر جاوید اور اس کے ساتھی یونس کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نےسانحہ گولیمار کے ذمہ دار بلڈر جاوید اور اس کے ساتھی یونس کو مقامی عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔ ملزم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس بی سی اے افسران کا کچھا چٹھا کھول دیا۔ ملزم نے کہا کہ ایس بی سی اے افسران کی ملی بھگت سے غیرقانونی عمارت تعمیر کی۔ افسران ایک چھت ڈالنے کے ایک لاکھ روپے رشوت لیتے تھے۔ وہ رشوت لیتے گئے اور فلور پرفلور بنتا رہا۔ ملزم نے کہا کہ رضویہ سوسائٹی میں تمام عمارتیں اسی طرح بنی ہیں۔ ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ہے۔ سب کو چیک کیا جائے۔ دوسری  جانب متاثرین بلڈنگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گولیمار اور اسکے اطراف  میں بڑے پیمانے پر کمرشل بورنگ کی گئی ہے جس کی وجہ سےعمارتیں دھنس رہی ہیں۔ انہوں نے بورنگ کرنے والوں اور ایس بی سی اے کےافسران کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ متاثرین نے کہا کہ بڑے پیمانے پر جانچ پڑتال کی ضرورت ہے۔ ایسےاقدامات کئے جائیں کہ آئندہ ایسا حادثہ نہ ہو سکے۔