Thursday, April 25, 2024

گولیمار میں عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے ،ریسکیو آپریشن مکمل ‏

گولیمار میں عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے ،ریسکیو آپریشن مکمل ‏
March 9, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے  گولیمار  میں 5 منزلہ عمارت گرنے کے واقعے میں مجموعی طور پر 27 افراد جاں بحق ہوئے ، عمارت کا ملبہ اُٹھانے  کیلئے 4 روز تک جاری  رہنے والا آپریشن  مکمل کرلیا گیا ، ریسکیو حکام کے مطابق عمارت گرنے کی اصل وجہ بنیادوں کا کمزور ہونا تھا ۔ کراچی گولیمار  میں چند روز قبل گرنےوالی 5 منزلہ عمارت  27 انسانوں کی  زندگیوں کے چراغ گُل کرگئی ، عمارت گرنے کی اصل وجہ اس کی  بنیادوں کا کمزور ہونا قرار دیا گیا ۔ منہدم عمارت کا ملبہ  اٹھانے کیلئے مسلسل 4 روز تک جاری  رہنے والا آپریشن بھی مکمل کرلیا گیا جس میں پاک آرمی کی انجینئرنگ کور،اور دیگر ٹیموں نے حصہ لیا، ریسکیوحکام کے مطابق اب کسی بھی زخمی یا ہلاک شخص کے ملبے  تلے موجود ہونے کا امکان نہیں۔ منہدم ہونے والی عمارت  کے قریب موجودایک اور رہائشی  عمارت کو بھی مخدوش قرار دےدیا  گیا ہےجس کے مکینوں نےحکومت سے رہائش کا متبادل انتظام کرنے اور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب واقعہ کے ذمہ دار اور عمارت  کے بلڈر جاوید کے  خلاف  پولیس نے مقدمہ تو درج کیا  مگر ملزم اب تک قانون کی گرفت سے آزاد ہے ۔