Thursday, April 18, 2024

گولڑہ ریلوے اسٹیشن کے میوزیم کی اپ گریڈیشن سے رونقیں بحال ہو گئیں

گولڑہ ریلوے اسٹیشن کے میوزیم کی اپ گریڈیشن سے رونقیں بحال ہو گئیں
June 27, 2019
گولڑہ ( 92 نیوز)  پاکستان کے سب سے قدیم ریلوے اسٹیشن گولڑہ  پر یوں تو ویرانیاں بال کھولے سوئی رہتی ہیں لیکن میوزیم کی اپ گریڈیشن سے اس کی رونقیں بحال ہوگئیں ہیں۔ ریل کا انجن ماضی کی وہ رومانوی ایجاد ہے جس کے ساتھ گزرے زمانے کی یادیں بھی پٹری پر رواں دواں رہتی ہیں، ریل کی تاریخ سے جڑی انہی خوبصورت یادوں کو پاکستان ریلوے نے گولڑہ اسٹیشن پر بنے میوزیم میں محفوظ کرلیا۔ اسلام ٓباد کے مضافات میں قائم یہ اسٹیشن آنے والوں کا استقبال برگد کے پرانے درخت ، بھاپ سے چلنے والے انجن ، ایک چھوٹی وکٹوریہ انداز کی عمارت اور پرسکون ماحول کے ساتھ کرتا ہے۔ آج گولڑہ شریف ریلوے اسٹیشن کو سفر کی بجائے ریلوے ثقافتی میوزیم کے طور پر زیادہ جانا جاتا ہے،  میوزیم کا قیام اکتوبر 2003 میں عمل میں آیا۔ سال 2018 میں اس کی اپ گریڈیشن مکمل ہوئی ، میوزیم میں ریلوے کے سگنلز، میٹر، ہنگامی ساز و سامان، محفوظ شدہ تصاویر کوچز اسٹیم انجن، ماڈلز اور دیگر اشیاء موجود ہیں۔ انتظار گاہوں میں استعمال ہونے والا وکٹوریہ فرنیچر ماضی میں تازہ ہوا کیلئے استعمال ہونے والے مخصوص پنکھے، تنگ اور وسیع تاریخی کوچز کو بھی میوزیم میں نمائش کیلئے رکھا گیا ہے۔ آخری وائسرائے لارڈ ماؤنٹ کے بیڑے کا حصہ بننے والی ونٹیج سیلونز یہاں موجود ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے ریلوے کی تاریخ ہماری ماضی سے وابستہ ہے اس لیے انے والی نسلوں کیلئے اچھے طریقے سے پیش کیا جانا چاہئے۔ گولڑہ ریلوے اسٹیشن کا قیام 1881 میں عمل میں آیا اور اسے 1912 میں ایک جنکشن کی حیثیت دی گئی  ، یہ اسٹیشن ارگرد کے دیہات کے رہائشیوں کو ایک صدی سے سفر کی سہولت فراہم کررہا ہے۔ سہولیات اور تاریخی مقام کے ساتھ ساتھ یہ اسٹیشن خوبصورت مناظر بھی پیش کرتا ہے ۔ پرسکون ماحول ، گھنے برگد ، کمال طرزتعمیر، اپنے اندر تاریخ کو سموئے یہ گولڑہ ریلوے اسٹیشن مسافروں کو منزل تک پہنچانے کے ذریعے سمیت تفریح کیلئے خوبصورت مقام ہے۔