Saturday, May 4, 2024

گولان پہاڑیوں بارے امریکی اقدام پر استنبول چرچ کو مسجد میں تبدیل کرینگے ، ترک ‏صدر

گولان پہاڑیوں بارے امریکی اقدام پر استنبول چرچ کو مسجد میں تبدیل کرینگے ، ترک ‏صدر
March 28, 2019

انقرہ ( 92 نیوز) گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل  کےغاصبانہ قبضے کوتسلیم کرنے پرترک صدر طیب اردوان امریکا کےخلاف میدان میں آگئے اور کہا کہ  امریکی اقدامات کے جواب میں  استنبول  کے تاریخی چرچ اور میوزیم کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کردیں گے۔

امریکا کی جانب سے اسرائیل کی ناجائزطرف داریوں کا سلسلہ جاری ہے ، ٹرمپ نے پہلے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیاتواب شام کےعلاقے میں موجود گولان کی پہاڑیوں پر غاصبانہ اسرائیلی قبضے کو مان لیاہے۔

دونوں فیصلوں کی عالمی برادری نے سخت مخالفت اور مذمت کی ہے  لیکن ترک صدر ایک قدم آگے بڑھنے کو تیار ہو چکےہیں ۔

ٹی وی انٹرویو  میں انہوں نے کہا شام کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضہ تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے پر وہ استنبول کےتاریخی چرچ ایا صوفیہ کو مسجدمیں تبدیل کردیں گے۔

ترک صدر کاکہناہےکہ چرچ کو مسجد میں بدلنے کا فیصلہ مقامی انتخابات کےبعد کیاجائےگا۔

فتح قسطنطنیہ کے بعد 1453میں عثمانی ترکوں نے  یونانی کیتھڈرل چرچ کو مسجد میں تبدیل کردیاتھا،1935میں سیکولر ترک رہنما اتاترک نےاسے میوزیم بنادیا اس کا شمار دنیاکی عظیم تاریخی عمارتوں میں ہوتاہےجو یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔