Saturday, May 18, 2024

گوشواروں میں تضاد، الیکشن کمیشن کا بلاول، زرداری سمیت 45 ارکان کیخلاف کارروائی کا آغاز

گوشواروں میں تضاد، الیکشن کمیشن کا بلاول، زرداری سمیت 45 ارکان کیخلاف کارروائی کا آغاز
November 15, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) گوشواروں میں تضاد پر الیکشن کمیشن نے بلاول، آصف زرداری، فواد چودھری اور شیریں مزاری سمیت 45 ارکان کیخلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی شروع کر دی، 14 روز میں تحریری جواب طلب کرلیا گیا۔ 45 ارکان قومی اسمبلی پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی، الیکشن کمیشن نے گوشواروں  میں تضاد کا جواب نہ دینے والے ارکان کیخلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی شروع کردی، پولیٹیکل فنانس ونگ نے گوشواروں کی سکروٹنی مکمل کرلی۔ 45 ارکان قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی اور سالانہ گوشواروں میں تضاد سامنے آیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے متعدد مرتبہ وضاحت مانگی تاہم ارکان نے کوئی جواب نہ دیا، اس پر شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔ جن ارکان کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں بلاول، آصف زرداری،نورعالم خان، فواد چودھری، عامر کیانی، مہناز اکبر عزیز، خرم دستگیر، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،شیریں مزاری، مائزہ حمید اور دیگر شامل ہیں شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہ کرانے والےارکان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا، گوشواروں میں  تضاد پر الیکشن کمیشن کو مطمئن نہ کرنے والے ارکان کو نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔