Thursday, April 25, 2024

گورنرسندھ سعید الزمان صدیقی انتقال  کرگئے

گورنرسندھ سعید الزمان صدیقی انتقال  کرگئے
January 11, 2017
کراچی(92نیوز)گورنر سندھ ،جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کراچی میں انتقال کرگئے  وہ کافی عرصے سے سینے کے انفیکشن اور دمہ کے مرض میں مبتلا تھے ،نماز جنازہ جمعہ کو ادا کی جائے گی۔ نئے گورنر کی نامزدگی  تک اسپیکر آغا سراج درانی قائم مقام گورنر رہیں گے جبکہ صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا  ہے۔ تفصیلات کےمطابق سندھ کے اکتیسویں گورنرسعید الزماں صدیقی اٹھہتربرس کی عمر میں انتقال کرگئے وہ  طویل عرصے سے علیل تھے۔ ڈاکٹرعشرت العباد کی طویل گورنری کے   بعد انہیں  صوبے میں وفاق کا نمائندہ  مقرر کیا گیا تھا سعید الزماں صدیقی  نے 11 نومبر 2016 کو عہدے کا حلف اٹھایا  تاہم  فرائض کی انجام دہی میں بیماری آڑے آگئی  اورایک روز بعد ہی انہیں  سینے میں انفیکشن اور دمے کے حملے کی وجہ سے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ، 31،،روز زیر علاج رہنے کے بعد انہوں نے گورنرہاؤس میں اپنی آئینی ذمہ داریاں سنبھالیں  تاہم   ستائیس روز بعد  طبیعت پھر بگڑنے پرانہیں  اسپتال  لے جایا  گیا  جہاں  وہ جانبر نہ ہوسکے، سعید الزماں صدیقی  عہدے پر رہتے ہوئے  انتقال کرنے والے سندھ کے پہلے گورنر ہیں ، علالت کی وجہ سے وہ  مزار قائد پر حاضری دے سکے اور نہ ہی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے ۔  دو ماہ کی گورنری کے دوران انہوں نے ایک  ہی حکم جاری کیا اور اسٹاف کو پروٹوکول کی  گاڑیاں  کم کرنے  کی ہدایت کی تھی  گورنر سعید الزماں صدیقی کی میت ڈیفنس کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے ۔ ان کی نماز جنازہ  تیرہ  جنوری کو بعد نماز جمعہ  ادا کی جائے گی سعید الزماں صدیقی نے پسماندگان میں بیوہ اور بیٹا سوگوار چھوڑے ہیں ۔