Saturday, May 11, 2024

گورنر پنجاب کی اقوام متحدہ سے پلوامہ واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ

گورنر پنجاب کی اقوام متحدہ سے پلوامہ واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ
January 17, 2021

لاہور (92 نیوز)بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ چیٹ لیک ہونے پرپاکستانی حکام کا سخت ردعمل جاری ہے ۔  گورنر پنجاب  چودھری سرور نے اقوام متحدہ سے پلوامہ واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ کشمیر کمیٹی کےچیئرمین شہریار آفریدی کا کہنا ہے ثابت ہوگیا پلوامہ حملہ بھارت کی پاکستان کےخلاف بڑی سازش تھی۔ق لیگی رہنما مونس الہٰی نے بھی مودی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

بھارتی اینکر کی سازش کا پردہ چاک کرتی واٹس ایپ چیٹ مودی سرکار کےگلے پڑ گئی، گورنرپنجاب نےاقوام متحدہ سے پلوامہ واقعے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کردیا۔چودھری سرور کا کہناہے پلوامہ ڈرامہ مودی نے الیکشن میں کامیابی کیلئے خود کرایا تھا، لیکڈ چیٹ نے بھارتی وزیراعظم کا فاشسٹ چہرہ پوری دنیا کےسامنے بےنقاب کردیا۔

کشمیر کمیٹی کےچیئرمین شہریار آفریدی نے ٹویٹ میں لکھا ثابت ہوگیاپلوامہ حملہ پاکستان کےخلاف بھارت کی بڑی سازش تھی ۔مودی کا مقصد پاکستان، حریت قیادت اور آزادی پسندوں کو مورد الزام ٹھہرانا تھا۔بھارتی خفیہ ایجنسی کی پاکستان مخالف گھناؤنی سازش بےنقاب ہوگئی۔

مسلم لیگ ق کےرہنما مونس الہٰی نے کہا بھارتی پلوامہ ڈرامے کا بھید کھل گیا۔پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت نے اپنے ہی فوجی مار ڈالے۔بھارتی پالتو اینکر کی لیکڈ چیٹ اس کا واضح ثبوت ہے۔