Thursday, April 25, 2024

گورنر سندھ کالیاری کے نوجوانوں کیلئے خصوصی پروگرام شروع کرنیکا اعلان

گورنر سندھ کالیاری کے نوجوانوں کیلئے خصوصی پروگرام شروع کرنیکا اعلان
May 30, 2020

کراچی ( 92 نیوز ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لیاری کے نوجوانوں کے لیے وزیراعظم اسکیم کے تحت خصوصی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ، کہا  کہ لیاری میں بہت ٹیلنٹ  ہے  ، منشیات سے نکال کر مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔گورنر  سندھ  کی لیاری  آمد پر کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز کی سنگین  خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی۔

لیاری سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کی خصوصی دعوت پر گورنر عمران اسماعیل لیاری پہنچے ،کھلاڑیوں اور شہریوں سے ملاقات  اور لیاری کے ہونہار فٹبالرز اور باکسرز کی حوصلہ افزائی  کی ۔

گورنر عمران اسماعیل نے لیاری کے بچوں میں فٹبال کرکٹ بیٹ تقسیم کیے اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تاکید کی ،تاہم اس موقع پر  دوسروں کو نصیحت کرنے والے خود گورنر سندھ اور پی ٹی آئی اراکین نے کورونا  سے بچاؤ سے کیلئے ایس او پیز کی دھجیاں اُڑا دیں جبکہ سماجی فاصلے کا خیال بھی نہیں رکھا گیا ۔

میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ بولے نوجوان نسل کو منشیات سے نکال کر مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہےلیاری کے نوجوانوں اور سابق کھلاڑیوں  کے لیے وزیراعظم کی جانب سے خصوصی فنڈز لانے کا بھی عندیہ دیا۔

گورنر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ انکوائری جاری ہے جلد نتائج سامنے آئیں گے ،کہا وزیراعلی مرادعلی شاہ کو چینی انکوائری کمیشن میں پیش ہونا چاہئےتھا۔