Friday, March 29, 2024

گورنر سندھ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب بلند عمارتوں کی تعمیر کو جُرم قرار دیدیا

گورنر سندھ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب بلند عمارتوں کی تعمیر کو جُرم قرار دیدیا
May 24, 2020
 کراچی (92 نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب بلند عمارتوں کی تعمیر کو جُرم قرار دیدیا۔ گورنر سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھی شامل تفتیش کرنیکا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے بھی پوچھ گچھ کی جائے۔ کراچی میں عید کی خوشیوں سے 2 دن پہلے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کا شکار طیارے کا ملبہ اٹھانے کا کام آج معطل رہا۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا وزیراعلیٰ سے کیس ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا کہا ہے۔ وزیراعظم سے کہا ہے ایئرپورٹ کو ہائی وے کی طرف منتقل کیا جائے۔ ادھر کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ کیسے پیش آیا۔؟طیارے کی رن وے پر لینڈنگ کے وقت کیا صورتحال تھی۔ 92 نیوز رن وے کی ایکسکلوژو فوٹیج سامنے لے آیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کی اسکرین پر چلنے والی ایکسکلوژو فوٹیج میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ انجنز کے رن وے پر رگڑیں کھانے کے واضح نشانات موجود ہیں۔ فوٹیج دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ طیارے کے انجنز کافی دور تک رن وے سے رگڑیں کھاتے رہے ۔ فوٹیج میں کالے رنگ کے نشانات دور دور دکھائی دے رہے ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جی ایم پبلک ریلیشنزعبداللہ خان نے  نائنٹی ٹو نیوز پر چلنے والی ایکسکلوژو فوٹیج کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوٹیج کراچی ایئرپورٹ کے رن وے کی ہی ہے۔ رن وے دوسری پروازوں کیلئے فعال ہے۔ عبداللہ خان نے کہا اس سانحہ پر بیان بازی کے بجائے انکوائری رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایئرمارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کا کہنا تھا انہیں خدشہ ہے کہ حادثہ پائلٹ کی غلطی کے باعث پیش آیا۔ شاہد لطیف نے کہا طیارے نے لینڈنگ کی تو ایک میل تک انجز رگڑ کھاتے رہے، لیڈنگ کے باعث دونوں انجنز کو بیک وقت نقصان پہنچا، طیارے نے لینڈنگ کی تو گیئر ڈاؤن نہیں ہوئے۔ ونگ کمانڈر ریٹائرڈ نسیم احمد نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ نے جب لینڈنگ کی تو گیئر اپ تھے۔ لینڈنگ گیئر اپ ہوں تو انجن ہی رن وے سے ٹکراتا ہے۔ پائلٹ نے طیارہ جب دوبارہ اڑایا تو انجنز کو نقصان پہنچ چکا تھا۔