Monday, May 13, 2024

گورنر اسٹیٹ بینک کی مدت میں پانچ سال کا اضافہ ہوگا، عبدالحفیظ شیخ

گورنر اسٹیٹ بینک کی مدت میں پانچ سال کا اضافہ ہوگا، عبدالحفیظ شیخ
March 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک کی مدت میں پانچ سال کا اضافہ ہوگا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاشی ٹیم نے نیوز کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا۔ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی مدت میں پانچ سال کا اضافہ ہوگا۔ مانیٹری فسکل بورڈ ختم کیا جا رہا ہے۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اسٹیٹ بینک کا کردار قیمتوں اور مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک سے گارنٹی لینے کا سلسلہ ختم کیا جا رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک اور اس کے گورنر کے احتساب کی ذمہ داری پارلیمنٹ کی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر کو صدر پاکستان تعینات کرتے ہیں، پرائیویٹائزیشن کا ایشو ہے یہ ایک مشکل کام ہے، سست آغاز کے بعد پرائیویٹائزیشن کے کام کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ اگر کورونا نہ آتا تو کچھ اداروں کی پرائیویٹائزیشن ہو چکی ہوتی۔

حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے اُن کا کہنا تھا، موجودہ حکومت نے اپنے اخراجات بہت سختی سے کم کیے ہیں، حکومت نے بجٹ کے علاوہ کسی کو اور کوئی گرانٹ نہیں دی، کسی بھی طاقتور ادارے کو بجٹ سے زیادہ نہیں دیا، ایک عزم کے ساتھ حکومت اپنے اخراجات پر کنٹرول کررہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 اشیاء سبسڈائزڈ ریٹ پر فروخت کی جا رہی ہیں، رمضان المبارک کے حوالے سے مزید 20 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا،92 فیصد گیس کے صارفین کے بل میں بڑا حصہ حکومت ادا کرتی ہے۔ اسی طرح بجلی کے صارفین کے بلوں میں بڑا حصہ حکومت ادا کرتی ہے۔ حکومت کوشش کر رہی ہے ٹارگٹڈ سبسڈی دے، آنے والے دنوں میں اس کے اثرات نمایاں واضح ہوں گے۔ معاشی بہتری کے بعد ٹارگٹڈ سبسڈی میں اضافہ کیا جائے گا۔

حفیظ شیخ نے مزید کہا کل ای سی سی رمضان پیکیج کا اعلان کرے گی۔