Wednesday, May 1, 2024

گوردوارہ دربار صاحب ،کرتار پور راہداری منصوبہ 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا

گوردوارہ دربار صاحب ،کرتار پور راہداری منصوبہ 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا
November 6, 2019
نارووال (92 نیوز)پاکستان نے سکھ برادری سے کیا گیا وعدہ وفا  کر کے سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی سے محبت کا عملی نمونہ پیش کر دیا  ۔ ” گوردوارہ دربار صاحب “ سمیت کرتارپور راہداری منصوبہ 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر دیا  ، وزیراعظم عمران خان ، سیاسی و عسکری قیادت کے ہمراہ 9نومبر کو منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ دنیا بھر کی سکھ برادری خوشی سے نہال  ہے ، بین الاقوامی سرحد سے ساڑھے 4کلومیٹر پر دنیا کا سب سے بڑا  گوردوارہ دربار صاحب  یاتریوں کے خیر مقدم کیلئے تیار  ہے ، دنیا بھر اور پاکستان کی سکھ برادری سے مشاورت کیساتھ کرتارپور راہداری منصوبے کا پہلا مرحلہ11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل  کیا گیا ،  کل منصوبہ 823ایکڑ،گوردوارہ کمپلیکس 330ایکڑپر محیط ہے۔ پاکستان ، بھارت سرحد زیرو پوائنٹ پر گیٹ نصب کیا گیا ، نانک نام لیواؤں کی رہنمائی کیلئے سائن بورڈز نصب  کر دیے گئے ، امیگریشن بارڈر ٹرمینل کی تعمیر مکمل  ہو گئی ،  ٹرمینل پر سبز ہلالی پرچم بھی  لہرانے لگا،چھت بھی پاکستانی پرچم سے مزین  ہے جب کہ ٹرمینل میں 76 کمپیوٹرازڈ کاونٹر ز قائم ،50مزید دستیاب ہیں جن کی  تعداد 152تک بڑھائی جاسکے گی۔ راہداری سے یومیہ 5 ہزار جبکہ  اہم تہواروں پر 10 ہزار یاتریوں کی آمدہوگی ، پہلے دن یاتری بغیر ویزا 20ڈالر بغیر ادائیگی  اور بغیر پاسپورٹ جبکہ بعد ازاں 20ڈالر فیس کی ادائیگی ہمراہ پاسپورٹ پیدل ، 15 افراد کے گروپ ،بذریعہ بس ، الیکٹرک کارٹ یا پیدل گوردوارے تک پہنچ کر آزادانہ مذہبی رسومات اداکر سکیں گے۔ گوردوارہ دربار صاحب  اور ملحقہ علاقہ 4 سے 42 ایکڑ تک توسیع ہے ، گوردوارہ کے گرد ایک لاکھ 52 ہزار مربع فٹ بارہ دری مکمل  کر لی گئی ہے ۔ درشن ڈیوڑی، سرو-ور، دیوان استھان، لنگر خانہ ،میوزیم، لائبریری قائم  کر دی گئی ہے ۔ پارکنگ، بجلی پانی گیس بیت الخلاءجیسی بنیادی سہولیات  دے دی گئی ہیں جبکہ  سکیورٹی  کیمرے اورہنگامی طبی سہولیات باہم دستیاب ہوں گی ۔گورو دوارہ میں قائم قیام و خواب گاہوں میں 2ہزار، خیمہ بستی میں8ہزار یاتری قیام کریں گے ، لنگر خانہ 2 ہزار500 یا تریوں کو بیک وقت طعام پیش کریگا۔ گوردوارہ دربار صاحب سے ملحقہ 62 ایکڑ خطہ زمین کھیتی صاحب کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔ کھیتی پر پھولوں ،پھلوں کے باغات ،فصلیں کاشت کر کے لنگر خانہ کیلئے اناج حاصل کیا جائیگا ۔ کھیتی صاحب میں سکھ مذہبی نشان کھنڈے کی شبیح تیار کی گئی ہے ۔ مارکنگ کیساتھ6.8 کلومیٹر شاہراہ ،دریا پر حفاظتی بند، دریائی پانی کا بہاؤ کم کرنے کیلئے نہر اور 2.8کلومیٹر بند بنایا گیا ہے ۔ سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کی زندگی کے قیمتی 18 سال کو شایان شان کرتارپور راہداری منصوبہ تعمیر کرکے پاکستان نے سکھ برادری پر اپنی محبتیں نچھاور کردیں۔