Saturday, May 18, 2024

گوجرہ: کارٹرین کی زد میں آگئی، 6 افراد جاں بحق

گوجرہ: کارٹرین کی زد میں آگئی، 6 افراد جاں بحق
January 22, 2017

گوجرہ (92نیوز) گوجرہ میں ٹرین کی زد میں آ کر کار سوار چھ افراد لقمہ اجل بن گئے، بدقسمت خاندان سرگودھا سے دم کروانے کیلئے آیا تھا، حادثہ پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا جس پر مظاہرین نے پولیس کو لاشیں اٹھانے سے روک دیا اور ریلوے ٹریک بلاک کر کے احتجاج کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقے سلانوالی کے رہائشی بدقسمت خاندان کے پانچ افراد ڈرائیور کے ہمراہ دم کروانے گوجرہ آئے۔ 93 ج ب کے قریب انہیں اس وقت موت نے آن لیا جب ان کی کار کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کی زد میں آ گئی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ تمام افراد موقع پر دم توڑ گئے۔

جاں بحق ہونیوالوں میں 70 سالہ فلک شیر، دو بھائی 50 سالہ ناصر اقبال اور 55 سالہ منصب جبکہ منصب کی بیوی 35 سالہ شہناز، 8 سالہ بیٹا 8 سالہ فیضان شامل ہیں۔ 26 سالہ کار ڈرائیور افضل بھی جان کی بازی ہار گیا۔ چھ ہلاکتوں کے باوجود ریلوے حکام موقع پر نہ پہنچے جس پر دیہاتیوں نے شدید احتجاج کیا اور پولیس کو لاشیں اٹھانے سے بھی روک دیا۔

مظاہرین نے ریلوے ٹریک بلاک کرکے شدید نعرے بازی کی۔ دیہاتیوں کا کہنا تھا کہ جب تک انتظامیہ پھاٹک نہیں لگواتی وہ احتجاج ختم نہیں کریں گے۔