Thursday, September 19, 2024

گوجرانوالہ،چھوٹے بھائی کی مبینہ خودکشی ، دو بڑے بھائی صدمے سے چل بسے

گوجرانوالہ،چھوٹے بھائی کی مبینہ خودکشی ، دو بڑے بھائی صدمے سے چل بسے
February 17, 2018

گوجرانوالہ (92 نیوز) گوجرانوالہ میں چھوٹے بھائی نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی جس سے دو بڑے بھائی صدمے سے چل بسے ۔
گوجرانوالہ کے علاقے الیاس کالونی میں چھوٹے بھائی زاہد نے مبینہ طور پر موت کو گلے لگا لیا ۔
چھوٹے بھائی کی خودکشی کی خبر سن کر بڑے بھائی غلام عباس کو دل کا دورہ پڑ گیا جسے اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا ۔
دو بھائیوں کی ہلاکت کی خبر تیسرے بھائی صدام حسین پر بھی بجلی بن کر گری ۔ بھائیوں کی لاشیں دیکھ کر اس نے بھی صدمے سے اپنی جان جان آفریں کے سپرد کر دی ۔
تین بھائیوں کی موت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی ۔ ایک ہی گھر میں تین لاشیں دیکھ کر علاقے میں کہرام مچ گیا ۔ ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی ۔
پولیس کے مطابق غلام عباس چھے بچوں کا باپ ہے اور زاہد کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتا تھا ۔ خودکشی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں تاہم پولیس مصروف تفتیش ہے ۔