Thursday, March 28, 2024

مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں نے ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں

مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں نے ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں
July 16, 2020
 گوجرانوالہ (92 نیوز) عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی لاہور، پشاور سمیت شہر شہر مویشی منڈیاں سج گئیں۔ گوجرانوالہ ، گجرات ، سرگودھا میں بیوپاریوں اور خریداروں نے ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں۔ ملک بھر میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں کا حال یہ ہے کہ چہرے پر ماسک نہ ہاتھوں میں گلوز ، سینیٹائزرز اور سماجی فاصلے کا نام و نشان تک نہیں۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں چھوٹے بڑے شہروں میں عیدالاضحی سے پہلے مویشی منڈیاں سج گئیں۔ حکومت نے کورونا کے باعث منڈیاں لگانے کی مشروط اجازت دی لیکن  شہری ہوں یا بیوپاری حکومتی ایس او پیز ہوا میں اڑانے لگے۔ لاہور کی مویشی منڈیوں میں آنے والے اکا دکا شہریوں نے ہی ماسک لگا رکھے ہیں جبکہ بیشتر افراد ماسک اور گلوز کے بغیر ہی نظر آئے۔ وفاقی دارالحکومت میں مویشی منڈی کے لیے 4 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے لیکن مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔ کراچی میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ سہراب گوٹھ کی مویشی منڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ شہری خود تو کورونا وائرس کے خطرے کو نظر انداز کر ہی رہے ہیں ساتھ ہی اپنے بچوں کو بھی لا کر ان کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ادھر پشاور کے رنگ روڈ ، کالا منڈی اور دیگر مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ نہ ماسک کا استعمال ہورہا ہے اور نہ ہی سینی ٹائرز، بچے اور پچاس سال سے زائد عمر کے افراد بھی منڈیوں میں مویشی دیکھتے نظر آ رہے ہیں۔