Friday, May 3, 2024

گوجرانوالہ ٹرین حادثہ: انجن حادثہ سے قبل ہی ٹریک سے اتر چکا تھا:خواجہ سعد رفیق

گوجرانوالہ ٹرین حادثہ: انجن حادثہ سے قبل ہی ٹریک سے اتر چکا تھا:خواجہ سعد رفیق
July 6, 2015
لاہور (92نیوز) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ ٹرین حادثے سے پہلے ہی انجن کے ٹریک سے اترنے کے شواہد مل گئے ہیں۔ پلیٹس کے بولٹ کھلنے کی تخریب کاری کے پہلو سے بھی تفتیش کر رہے ہیں۔ وزیر ریلوے نے ٹرین کی رفتار تیز ہونے کے معاملے پر 92 نیوز کی خبر کی تصدیق کر دی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹرین حادثے سے پہلے ہی انجن کے ٹریک سے اترنے کے شواہد مل گئے ہیں۔ پلیٹس کے بولٹ کھلے پائے گئے۔ تخریب کاری کا پہلو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تیزرفتاری کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ایک ٹرین اسی پل سے گزر کر گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کے بیان کے مطابق اس نے ایمرجنسی بریکس لگائے تھے۔ وزیر ریلوے نے پل کو ٹھیک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پل کی حالت ٹھیک تھی، ستون ابھی بھی مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کو جس جگہ رکنا تھا وہ نہیں رکی۔ وزیر ریلوے نے 92نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتاری پر تحقیقات ہو رہی ہیں جبکہ پاکستان ایکسپریس روزانہ اسی پل سے گزرتی تھی۔