Saturday, May 18, 2024

گوجرانوالہ میں یوم پاکستان کی تقریب کے دوران نجی اسکول کی حفاظتی دیوار گر گئی

گوجرانوالہ میں یوم پاکستان کی تقریب کے دوران نجی اسکول کی حفاظتی دیوار گر گئی
March 23, 2019

 گوجرانوالہ (92 نیوز) گوجرانوالہ میں یوم پاکستان کی تقریب کے دوران نجی اسکول کی حفاظتی دیوار گر گئی جس سے خاتون اور طلبہ وطالبات سمیت چھ افرادجاں بحق جبکہ چودہ زخمی ہو گئے۔

تقریب میں شریک چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئےاسپتال میں دم توڑ گئے۔

 ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون، تین طالبات اور دو طالب علم شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق چھ طالب علموں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو زخمیوں کی فوری دیکھ بھال اوراسکول مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کر دی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی مالی امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔