Thursday, April 18, 2024

اپوزیشن کے جلسے کیلئے جناح اسٹیڈیم کا میدان سج گیا ، مریم نواز جاتی امرا سے روانہ

اپوزیشن کے جلسے کیلئے جناح اسٹیڈیم کا میدان سج گیا ، مریم نواز جاتی امرا سے روانہ
October 16, 2020
 لاہور (92 نیوز) گوجرانوالہ میں اپوزیشن کے جلسے کیلئے جناح اسٹیڈیم کا میدان سج گیا۔ مریم نواز جاتی امرا سے روانہ ہو گئی۔ انہوں نے کہا حکومت کے خاتمے کا آغاز ہو چکا۔ عوام کے حقوق اور ووٹ کی عزت کیلئے نکلیں ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے راستے میں نہ آئیں۔ مریم نواز کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا میں نواز شریف کی سپاہی بن کر سفر پر نکل پڑی ہوں۔ میں اپنے ملک، عوام کے لئے نواز شریف کی مشن کو پورا کرنے نکلی ہوں۔ جناح اسٹیڈیم میں بڑے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔ کرسیاں لگ گئیں۔ کئی فٹ چوڑا اسٹیج بھی تیار ہے۔ شہر میں بینرز کی بھرمار ہے۔ مریم نواز جاتی عمرہ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ پہنچیں گی۔ بلاول بھٹو لالہ موسیٰ سے قافلہ لے کر آئیں گے۔ فضل الرحمٰن بھی لاہور سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جائیں گے۔ پی ڈی ایم کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرنےکی مشروط اجازت مل گئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے اجازت نامہ جاری کر دیا گیا تھا جس کے مطابق جلسے کا وقت شام 5 سے رات 11 بجے تک ہو گا۔ جلسے میں حکومت کے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا ، داخلے کے لیے ماسک پہننا ضروری ہو گا۔ اجازت نامہ کے مطابق جلسے میں شرکا کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ لازمی ہو گا، پارکنگ کو مناسب فاصلے پر رکھا جائے، کسی بھی مجرم کو خطاب کرنے کی اجازت ہو گی نہ عدلیہ، فوج اور آئینی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت ہو گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کسی بھی غیرقانونی اقدام پر نکات کی خلاف ورزی پر این او سی از خود منسوخ ہو جائے گا ۔