Thursday, April 25, 2024

گوجرانوالہ میں احساس پروگرام سنٹر میں خاتون سے رشوت لینے والا ملزم گرفتار

گوجرانوالہ میں احساس پروگرام سنٹر میں خاتون سے رشوت لینے والا ملزم گرفتار
April 15, 2020
 گوجرانوالہ (92 نیوز) گوجرانوالہ میں احساس پروگرام سنٹر میں خاتون سے رشوت لینے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے رقم برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام میں سادہ لوح عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ ہو گیا۔ فراڈیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ملتان میں ظالموں نے امداد حاصل کرنے والی عمر رسیدہ خاتون کو بھی نہ بخشا۔ ریٹیلر نے بارہ ہزار کی بجائے ساڑھے دس ہزار روپے تھما دیئے۔ رقم ادائیگی کی رسید بھی نہ دی۔ پنڈی بھٹیاں میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے مستحقین سے رقم ہتھیانے والے دو ملزمان قانون کی گرفت میں آگئے۔ ملزم عاطف نے اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے والی خاتون سے رقم چھینی تھی۔ دوسری کارروائی میں احساس کفالت سنٹر کے باہر لوگوں سے دھوکا دہی سے رقم ہتھیانے والا ملزم بشارت بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں عادل گڑھ میں بھی بےنظیرانکم اسپورٹ پروگرام کا کارڈ بنا کر احساس کفالت پروگرام کی رقم دلوانے کا جھانسہ دینے والے ریٹیلر کو گرفتار کر لیا گیا۔ چنیوٹ میں بھی احساس پروگرام کی رجسٹریشن کے نام پر فراڈ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم غلام عباس نے خودساختہ رجسٹریشن کے نام پر 50 اور 100 روپے میں پرچیاں فروخت کرکے شہریوں سے ہزاروں روپے سمیٹ لیے۔ ٹبہ سلطان پور میں بھی احساس کفالت پروگرام کی رقم دلوانے کا جھانسہ دے کر خواتین کو لوٹنے والے گروہ کے دو افراد  گرفتار کر لیے گئے۔