Saturday, May 18, 2024

گوجرانوالہ، جائے نماز بنانیوالی فیکٹری میں آتشزدگی، عمارت کا ایک حصہ منہدم

گوجرانوالہ، جائے نماز بنانیوالی فیکٹری میں آتشزدگی، عمارت کا ایک حصہ منہدم
December 24, 2021 ویب ڈیسک

گوجرانوالہ (92 نیوز) گوجرانوالہ میں جائے نماز بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ سے وہاں پڑی ہر چیز جل کا راکھ بن گئی۔ عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا۔

گوجرانوالہ میں حافظ آباد روڑ پر جائے نماز بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، رات گئے اچانک لگنے والی آگ سے فیکٹری کے ایک حصے کی چھت بھی زمین بوس ہو گئی۔

ریسکیو کے مطابق فیکٹری کی دیگر عمارت بھی خطرناک قرار دی جا چکی ہے، آتشزدگی سے مشینری مکمل جل گئی۔

فائر فائٹرز کی 8 گاڑیوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں کوئی مزدور نہیں تھا تاہم مالی نقصان ہوا، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی یا کوئی اور وجہ بنی اس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

آتشزدگی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اہل علاقہ گھروں سے باہر نکل آئے۔